نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی سمیت شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں ستمبر کے مہینے میں بھی شدید گرمی پڑرہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نئی دہلی (صفدرجنگ) میں پیر 4 ستمبر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو 2011 کے بعد ریکارڈ کیا گیا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔ دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول کی سطح سے چھ ڈگری زیادہ ہے۔ وہیں اگست کے بعد راجستھان میں ستمبر میں بھی ریکارڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق موسم کے یہ بدلے ہوئے پیٹرن موسمیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہیں۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اپنی پیشین گوئی میں کہا ہے کہ منگل کو آسمان ابر آلود رہے گا اور رات کو ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 37 ڈگری سیلسیس اور 27 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ پیر کو کم سے کم درجہ حرارت 26.3 ڈگری سیلسیس تھا جو اس موسم کے اوسط درجہ حرارت سے ایک ڈگری زیادہ ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق، دہلی میں ہوا کے معیار کا مجموعی انڈیکس رات 8 بجے 233 ریکارڈ کیا گیا، جو ‘خراب’ زمرے میں آتا ہے۔
دوسری جانب راجستھان کے چورو میں ایک بار پھر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جب کہ 4 ستمبر 2023 کو پیلانی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ آئی ایم ڈی جے پور کے مطابق 4 ستمبر کو راجستھان کے کئی دوسرے اہم شہروں میں بھی درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔