لکھنؤ: اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ نےوزیر اعظم رہائشی اسکیم دیہی کے تحت اتر پردیش کے غریب اور بے گھر لوگوں کو مستقل مکان بنانے کے لیے 144220 مکانات الاٹ کرنے کے لیے وزیر اعظم اوروزارت دیہی ترقیات ، حکومت ہند کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شکریہ اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اس سے غریب، بے گھر اور گھر سے محروم کوگھر حاصل کرنے کا خواب پورا ہو جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ حکومت ہند کی جانب سے ملنے والے مکانات کو جلد از جلد اہل افراد کو الاٹ کرنے کی کارروائی کی جائے۔انہوں نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ تمام بنیادی سہولیات جیسے بیت الخلا، مفت گیس کنکشن، مفت بجلی کنکشن، آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت علاج کے لیے کارڈ، 90/95 دنوں کے مکان کی تعمیر کے لیے منریگا سے مزدوری جیسی سہولیات فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سب کو پکے گھر فراہم کرنے کا وزیر اعظم کا ویژن پورا ہو رہا ہے۔ مستقل مکان کے لیے تمام غریبوں کی امید پوری ہو گی۔ ان کی کوشش ہے کہ کوئی بھی بے گھر شخص پکے گھر کے حصول سے محروم نہ رہے۔
جناب کیشو پرساد موریہ نے کہا کہ ان کی طرف سے غریبوں کو پکے مکان فراہم کرنے کی مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں اور حکومت ہند سے پیروی کی جا رہی ہے۔ ان کی طرف سے حکومت ہند کو آواس پلس کے تحت اضافی رہائش الاٹ کرنے کے لیے ایک خط بھی بھیجا گیا ہے۔ آواس پلس کے تحت حکومت ہند سے رہائش ملنے کے بعد آواس پلس کی فہرست بھی اطمینان بخش ہو جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم رہائشی اسکیم دیہی کے تحت اتر پر دیش کو سال 2022-23 تک 34.72 لاکھ مکانات ملے ہیں۔ 144220 اضافی مکانات کی وصولی کے ساتھ اب اتر پردیش کو ملنے والے مکانات کی تعداد 36.16 لاکھ ہو گئی ہے۔