ویردھونگر، 17 اکتوبر (یو این آئی) تمل ناڈو کے ویردھو نگر ضلع میں منگل کو دو پٹاخوں کے کارخانوں میں دھماکوں میں 14 مزدوروں کی موت ہو گئی اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔پولیس نے بتایا کہ سری ولّی پٹھر کے قریب رینگاپالیم گاؤں میں واقع ‘کنیشکر فائر ورکس’ فیکٹری میں آج دوپہر ہونے والے زبردست دھماکوں میں خواتین سمیت 13 مزدور ہلاک اور دو دیگر شدید زخمی ہو گئے۔کارکنوں کا ایک گروپ نئے تیار کردہ ہوائی اور دیگر فینسی قسم کے پٹاخوں کی جانچ میں مصروف تھا جب یہ سانحہ پیش آیا۔
زوردار دھماکے کے باعث لاشیں اس قدر جھلس گئی ہیں کہ فی الحال ان کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ایک اور واقعہ میں شیوکاسی کے قریب کچنائیکن پٹی گاؤں میں ایک پرائیویٹ پٹاخہ فیکٹری میں دھماکے میں ایک مزدور کی موت ہو گئی۔فائر بریگیڈ دونوں فیکٹریوں پر پہنچ گئے اور چند گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ضلع کلکٹر ڈاکٹر وی پی جے سیلن نے ریونیو اور پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ فیکٹریوں کا دورہ کیا اور بچاؤ کاموں کی نگرانی کی۔تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے دوہرے دھماکوں میں کارکنوں کی موت پر رنج و غم کا اظہار کیا اور مرنے والوں کے لواحقین کو فی کس تین لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔