حیدرآباد:اسمبلی انتخابات کیلئے برسراقتدار بھارت راشٹرسمیتی نے 100 امیدواروں کی فہرست تیار کرلی ہے اور امکان ہے کہ وزیراعلیٰ و سربراہ بی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ 17اگست کو امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کریں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے سی آر پارٹی امیدواروں کو قطعیت دینے میں مصروف ہیں اور اپنے فارم ہاؤس پر ہیں جہاں سے توقع ہے کہ پہلی فہرست میں ہی 100 ناموں کا اعلان کرکے ان امیدواروں کو اپنے حلقہ جات میں سرگرم ہوجانے کی ہدایا ت جاری کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیراعلیٰ آئندہ دو یوم میں تمام امیدواروں کو قطعیت دینے کے بعد فارم ہاؤس سے واپس ہوں گے۔ سال 2018 میں بھی کے سی آر نے پہلی فہرست میں 105 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا تھا اور اس مرتبہ بھی وہ 100 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرسکتے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ پرانے شہر میں جہاں بی آر ایس اور مجلس میں دوستانہ مقابلہ ہے وہاں کے امیدواروں کے نام بھی پہلی فہرست میں شامل کردیئے جائیں گے اور اس کے بعد دوسری فہرست میں 19 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مجلس سے صرف 7 نشستوں پر بھارت راشٹرسمیتی کا دوستانہ مقابلہ ہوگا اور جو قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں اس پر پارٹی کے اعلیٰ قائدین نے غور نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا کہ 7 نشستوں پر ہی بی آر ایس اور مجلس کے درمیان دوستانہ مقابلہ کا فیصلہ کیا جاچکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 16اگسٹ کو اماوس ہے اور 17 اگسٹ کو شراون مہینہ کا آغاز ہوگا اسی لئے چیف منسٹر کی جانب سے شراون کے آغاز پر پہلی فہرست کی اجرائی کی توقع کی جا رہی ہے۔ بی آر ایس کے بیشتر امیدواروں کی خواہش ہے کہ کے سی آر انتخابی مہم کے دوران ان کے حلقہ جات اسمبلی میں مہم چلائیں اسی لئے بی آر ایس جلد امیدواروں کا اعلان کرکے زیادہ حلقہ جات اسمبلی میں کے سی آر کی انتخابی مہم کو قطعیت دینے اقدامات کر رہی ہے۔ پارٹی کے سینئر قائدین کا کہنا ہے کہ تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے تمام طبقات کیلئے جن اسکیموں کا اعلان کیا گیا ہے ان پر عمل کو یقینی بنانے کے ساتھ پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کردیا جائیگا اور امیدواروں کے اعلان سے ان اسکیمات کا فائدہ بھی امیدواروں کو ہوگا ۔ چیف منسٹر کی راست نگرانی میں فہرست میں شامل امیدواروں کے سلسلہ میں پارٹی قائدین کا کہناہے کہ تمام خواہشمندوں نے امیدواروں کی قطعیت کا اختیار پارٹی سربراہ کو دیا ہے اور اب یہ فیصلہ وہی کریں گے کہ کسے کس حلقہ سے امیدوار بنایا جائے گا۔پارٹی سے بعض حلقہ جات میں امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جاچکا ہے اور ان امیدواروں نے اپنے حلقہ جات میں کام بھی شروع کردیا ہے۔ جن حلقہ جات میں بی آر ایس امیدوارو ںکا اعلان کیا جاچکا ہے ان میں نارائن کھیڑ ‘ حسن آباد‘ پٹن چیروو‘ دیور کدرا کے علاوہ حضور آباد شامل ہیں جہاں سے پارٹی نے اپنے امیدواروں کو قطعیت دیتے ہوئے انہیں کام کرنے کیلئے کہہ دیا ہے۔