نئی دہلی۔ اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (یوڈی او) کی ایک میٹنگ ڈاکٹر سیّد احمد خاں کی صدارت میں دریاگنج، نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں انہوں نے اردو اداروں کی بدحالی پر افسوس کا اظہار کیا اور مرکزی حکومت، دہلی کی صوبائی حکومت اور وائس چانسلر جامعہ ملیہ اسلامیہ کی توجہ مرکوز کراتے ہوئے اردو کی ترویج و ترقی اور بنیادی مسائل کو حل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے مرکزی حکومت کے تحت قائم قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کی تشکیل اور دہلی حکومت سے اردو اکیڈمی کی تشکیل کا مطالبہ کیا۔ اسی کے ساتھ وائس چانسلر جامعہ ملیہ اسلامیہ سے مکتبہ جامعہ کی بدحالی کو دور کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے مزید کہا کہ اردو کے فروغ اور ترویج و ترقی کے لیے مذکورہ اداروں کا کلیدی کردار ہے اس لیے بھارت کی آن بان اور شان سمجھی جانے والی اردو زبان کو جان بوجھ کر نقصان پہنچانے سے بچایا جائے اور حسب روایت جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ہر گیٹ پر نمایاں اردو کی تحریر سے کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تعمیر شدہ نئے گیٹ پر اردو کو تحریر کیا جائے۔
اس موقع پر معروف سماجی کارکن حاجی نعیم انصاری نے کہا کہ این سی پی یوایل کی گورننگ کائونسل کی میٹنگ جولائی، اگست میں ہوتی تھی مگر ایک سال سے زیادہ وقفہ گزر جانے کے بعد جب این سی پی یوایل کی تشکیل ہی نہیں ہوئی تو آئندہ کے بجٹ اور ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ کیسے پہنایا جائے گا۔ کامریڈ بی ایل بھارتی نے بھی این سی پی یوایل کی تشکیل نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ میٹنگ کے اہم شرکاء میں بزرگ صحافی ابونعمان، مولانا محمد معاذ ندوی، ڈاکٹر سیّد جنید عارف، حکیم آفتاب عالم، محمد ندیم عارف، محمد گلزار، محمد اویس گورکھپوری، محمد عمران قنوجی وغیرہ نے شرکت کی۔ نوجوان لیڈر علیم انصاری نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔